نئی دہلی،9 اگست/(آئی این ایس انڈیا) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) نے آج ویر بھدر سنگھ کی بیوی پرتیبھا سنگھ سے ان کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ گچھ کی۔اس سے پہلے ایجنسی نے انہیں آج تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کے لئے سمن بھیجا تھا۔سرکاری ذرائع نے کہا کہ تفتیشی افسر پروینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ(پی ایم ایل اے) کے تحت ان کا بیان ریکارڈ کریں گے۔انہوں نے دو بار ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے ایجنسی کے سامنے پیش ہونے سے چھوٹ دینے کی مانگ کی تھی اور ایجنسی کی طرف سے گرفتاری سے بچنے کے لئے دہلی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا تاکہ معاملے کی اگلی سماعت 24اگست تک انہیں گرفتار نہیں کیا جائے۔ای ڈی نے کل ہائی کورٹ سے کہا تھا کہ ابھی تک اس کی پرتیبھا سنگھ کو گرفتار کرنے کی منشا نہیں ہے۔ذرائع نے پہلے کہا تھا کہ اس معاملے میں ایل آئی سی ایجنٹ آنند چوہان کی طرف سے کئے گئے کچھ انکشافات کے بعد وزیر اعلی کی بیوی سے شدید پوچھ گچھ ضروری ہے۔اس معاملے میں ایجنسی نے گزشتہ ماہ چوہان کو گرفتار کیا تھا۔ایجنسی نے اس سال کی شروعات میں وزیر اعلی کے قریب8 کروڑ روپے کی املاک کو بھی ضبط کیا تھا۔سنگھ نے خود اور خاندان کی کسی غلطی کے الزامات سے انکار کیا ہے۔گزشتہ سال ستمبر میں اس سلسلے میں سی بی آئی کی طرف سے ریکارڈ شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ای ڈی نے منی لانڈرنگ قانون کی مجرمانہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔اس نے اس معاملے میں گزشتہ سال دہلی، مہاراشٹر اور مغربی بنگال میں چھاپہ ماری کی تھی۔